اسلام آباد (آئی پی ایس)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے چینی پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر چلانے کا خیر مقدم کیا ہے ۔
پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر چلانے سے سستی بجلی پیدا ہو گی، حکومت فوری طور پر مقامی آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی، کیپسٹی چارجز کے خاتمے کیلئے بات چیت شروع کرے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ توانائی قیمتوں کی وجہ سے پہلے ہی ملک کی 30 فیصد صنعتیں بند ہو چکی ہیں، توانائی کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں تو مزید انڈسٹریز بھی بند ہو جائیں گی، ملک میں صنعت اور کاروبار چلے گا تو ہی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا سکے گا،حکومت بجلی ٹیرف میں ریلیف دے تو بزنس کمیونٹی برآمدات کو 3 سال میں 65 ارب تک لیجانے کا حدف حاصل کر لے گی۔
انہوں نے کہا کہ بند پاور پلانٹس بھی کیپسٹی چارجز کی مد میں اربوں روپے وصول کر رہے ہیں، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کیا جائے، سستی بجلی کے نئے معاہدے تشکیل دئیے جائیں، آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف جلد سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کرنے جا رہے ہیں۔