اسلام آباد(آئی پی ایس)ضلع کچہری اٹک میں ایلیٹ فورس کے اہلکار نے مبینہ طور پر رنجش کی بنیاد پر چیمبرمیں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک سمیت 2 وکیل جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر انتہائی قدم اٹھایا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سابق صدر ڈسٹرکٹ بار اٹک اسرار احمد اور ایڈووکیٹ ذوالفقار مرزا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیا ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث اہلکار کو انتظارکو گرفتار کرکے تھانہ اٹک سٹی منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارتر ہسپتال منتقل کردی اور واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزم کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اٹک پولیس نے فائرنگ میں ملوث اے ایس آئی انتظار کو فوری گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق تفتیش کے تمام مراحل کے بعد ملزم کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی۔