اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، وزیراعظم کے دورے کا پاک چین مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق شہبازشریف نے چینی صدر، وزیراعظم اور چینی نیشنل ریپبلک کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقاتیں کیں، فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی، پاک چین آزمودہ شراکت داری کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے عملی تعاون کو فروغ دینے پر وسیع اتفاق رائے کیا، فریقین نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر اور فولادی دوست ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کو سمجھا، بھروسہ کیا اور حمایت کی، پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اور پہاڑ کی طرح غیر متزلزل رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے، دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔