لاہور(آئی پی ایس)پنجاب اسمبلی میں سانحہ 9 مئی 2023 کے کرداروں کو سزا دلانے کے لیے قرار داد جمع کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رکن شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نو مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے،
اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
شعیب صدیقی نے قرارداد میں مؤقف اپنایا کہ فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، 9 مئی کا دن المناک، افسوسناک، دلخراش، نا قابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے۔
شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ ریاست، ملکی سلامتی، اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔