اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے کہا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ پارلیمان ، بزنس مین، میڈیا سمیت تمام ادارے یکجہتی اور مفاہمت کا راستہ اختیار کریں۔پاکستان کے معاشی مسائل کے حل کیلئے سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
میڈیا اور بزنس کمیونٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔صحافی پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے کام کریں۔اسلام آباد چیمبر شہر میں ہسپتال اور سکول کی تعمیر کا ارادہ رکھتا ہے۔ان منصوبوں سے صحافی بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد نے کلب کے نو منتخب عہدیداران صدر اظہر جتوئی،سیکرٹری جنرل نیئر علی،فنانس سیکرٹری وقار عباسی،نائب صدور ظفر ہاشمی،شاہ محمد،احتشام الحق،سحر اسلم،جوائنٹ سیکرٹریز جاوید بھاگٹ،عون شیرازی،طلعت فاروق،سحر قریشی اور دیگر عہدیداران کو کلب کے انتخابات میں فتح پر مبارکباد پیش کی۔صدر آئی سی سی آئی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نیشنل پریس کلب پاکستان میں صحافیوں کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔اس کی نو منتخب باڈی پر اتنی ہی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پریس کلب اوراسلام آباد چیمبر مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔حالات کا تقاضا ہے کہ نا صرف حکومت اور اپوزیشن بلکہ بزنس مین،صحافی اور دیگر ادارے مل کر کام کریں اور ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالیں۔پاکستان کا دنیا بھر میں روشن چہرہ دیکھانے کے حوالے سے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلہ ساز قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے نیشنل پریس کلب کا کردار انتہائی اہم ہے۔مجھے امید ہے نئی باڈی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے صدر آئی سی سی آئی اور وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ صحافی بھی مشکلات کا شکار ہیں اور تاجران بھی مشکلات کا شکار ہیں جن سے نکلنے کے لیے مل کر کوشش کرنا ہو گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دوست ہمیشہ ہماری ہر خوشی میں شامل ہوئے ہیں اور ہر دکھ میں ہمارے ساتھی بنے ہیں۔ سیکرٹری جنرل یونائیڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے صحافی نے اپنی پروفیشل ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔سچ بولنے اور سچ کا ساتھ دینے والوں کی ہمارے دلوں میں بڑی قدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پاکستا ن میں صحافت کا سب سے بڑا قلعہ ہے اور اس کی مضبوطی کیلئے ہم بھرپور ساتھ دیں گے۔، اس موقع پر صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس افضل بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے سب دیرینہ اور پرانا رشتہ ہے، آزادی اظہار رائے کی ہر جدوجہد میں آئی سی سی آئی نے ہمیشہ ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، آج بھی یہ ہمارا مان اور حوصلہ بڑھانے کیلئے یہاں موجود ہیں۔ آئی سی سی آئی وفد میں خالد چودھری، نوید ملک، سیف الرحمان خان، نثار مرزا، اشفاق چٹھہ، نجیب الہی، عباس ہاشمی، ناصر چودھری، امتیاز عباسی، امیر حمزہ، ضیا چودھری، وسیم چودھری بابر چودھری و دیگر شامل تھے۔