
کراچی(آئی پی ایس)سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا جلاس آدھے گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا، اسپیکر آغا سراج درانی نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان سے حلف لیا۔
اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے بھی حلف اٹھا لیا جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکین آج بھی غیر حاضر ہیں۔
اس سے قبل سندھ اسمبلی میں نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ہونے والا اجلاس تاخیر کا شکار ہو گیا تھا، ایوان میں اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد اسپیکر اویس شاہ اور ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کے کاغذات درست قرار دے دیے گئے ہیں۔
ایم کیوایم کی نامزد کردہ اسپیکر صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے راشد خان کے کاغذات نامزدگی بھی درست قرار پائے۔
دونوں عہدوں کے لیے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ کچھ دیر ہوگی۔
سنی اتحاد کونسل کے رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو نے کہا ہے کہ آج ہمارے 9 ارکان حلف لیں گے، ہم پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی ایز ہیں، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کیا ہے۔
سجاد سومرو کا کہنا ہے کہ ہم پورے کراچی میں جیت چکے ہیں، نتائج تبدیل کیے گئے، لیاری مسائل کا گڑھ ہے، گٹر کے مسائل سے نکل نہیں سکے، ہم پورے کراچی کے حقوق کی بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ووٹ کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا، 168 ارکان پر مشتمل ایوان میں 148 ارکان نے حلف اٹھایا۔
سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم پاکستان کے 36 اراکین شامل تھے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سندھی، اردو اور انگریزی زبان میں ارکان سے حلف لیا جبکہ 13 ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں اٹھایا۔
حلف نہ اٹھانے والوں میں سنی اتحاد کونسل، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے ارکان شامل ہیں۔
دادو سے منتخب رکن سندھ اسمبلی عزیز جونجیو کے انتقال پر ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، پی ایس 139 سے حافظ نعیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے 3 مخصوص نشستوں پر بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔