تجارت

کرغزستان پاکستان کے ساتھ پائیدار کاروباری تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔ سفیر اولان بیک توتوئیف

پاکستان اور کرغزستان متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔ احسن بختاوری
کرغزستان کے سفیر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
اسلام آباد :پاکستان میں تعینات کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کئے ہوئے ہے اور باہمی طور پر فائدہ مند نتائج حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ پائیدار کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر توجہ دیں کیونکہ وہ کئی شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک تجارتی وفد کرغزستان کا دورہ کر کے وہاں کے نجی شعبے کے ساتھ جوائنٹ وینچرز اور بزنس پارٹنرشپ قائم کرنے کے مواقع تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان پاکستان سے ادویات، کھیلوں کا سامان اور کچھ دیگر مصنوعات درآمد کر رہا ہے جبکہ وہ پاکستان کو خشک میوہ جات، اور زرعی مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مزید اشیائ میں ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کی کوشش کریں جس کیلئے دونوں کے پاس عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارت خانہ کرغزستان اور پاکستان کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے کی کوششوں میں آئی سی سی آئی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان زراعت، صنعت، توانائی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں لہذا وہ ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا جغرافیائی محل وقوع انہیں یہ مواقع فراہم کرتا ہے کہ وہ باہمی روابط کو مضبوط کر کے پاکستان اور وسطی ایشیائ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بندرگاہوں کے ذریعے کرغزستان کو مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سمیت دیگر مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ اسی طرح کرغزستان پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک آسان رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ اس لیے مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات دونوں ممالک اور خطوں کے لیے بہت فائدہ مند ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری تعلقات کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اپنا ایک تجارتی وفد کرغزستان لے جانے پر غور کرے گا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان باہمی فائدے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مہارت اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے پر توجہ دیں۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ کرغزستان سستی بجلی پیدا کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستان توانائی شعبے میں اس کے ساتھ مضبوط تعاون قائم کر کے توانائی بحران پر قابو پا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغزستان سمیت دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ سڑک، ریل اور ہوائی روابط مضبوط کرنے کا خواہاں ہے جس سے ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے کاروباری تعلقات کو بہتر فروغ ملے گا۔ شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker