اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان ورکرزفیڈریشن و سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے وفدکے ہمراہ وزارت برائے انسانی وسائل وسمندرپارپاکستانیز میں نئے تعینات ہونے والے وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ارشدمحمود کو خوش آمدید کیااورپھول پیش کیے،اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری وشاق احمد،مزدور یونین کے صدراورنگزیب خان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسدمحمود،محمد سرفرازملک،عثمان الیاس سمیت دیگر نمائندگان بھی موجودتھے
،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے مزدوروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں کم ازکم اجرت کے قانون پر عمل درآمد نہ ہونا،ای اوبی آئی اور ورکرزویلفیئرفنڈ میں مزدوروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی،اسکے ساتھ ساتھ غیررسمی شعبے کے مزدوروں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زوردیاگیاجس کا مقصدسماجی تحفظ،زندگی اور کام کے حالات کاربہتربنانا ہے،انھوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی سطح پر ای اوبی آئی،سوشل سیکورٹی،ورکرزویلفیئرفنڈ اور کم ازکم اجرت کے بورڈ آف ٹرسٹی میں غیر نمائندہ لوگ موجود ہیں جس سے مزدوروں کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے،
مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے ہم اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور انشا اللہ مل جل کر حکمت عملی بنائیں گے،اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے وفاقی سیکرٹری برائے انسانی وسائل و سمندرپارپاکستانیزڈاکٹر ارشدمحمودنے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے وفدکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو درپیش مسائل کوباہمی تعاون سے ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا،یقینی طور پر مزدوروں کو بہت سارے مسائل کا سامناہے،مزدورکسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں خصوصی طور پر غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔