پاکستانٹاپ سٹوری

پاکستان کے ایرانی صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر ٹارگٹڈ حملے

اسلام آباد (آئی پی ایس) ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پنجگور میں میزائل حملے کے جواب میں پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ حملے کر دیئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر ٹارگٹڈ حملے کیے، جوابی حملے میں ایران کے کسی سویلین یا فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق آپریشن کو "مرگ بر سرمچار” کا نام دیا گیا ہے جبکہ انٹیلجنس بیس آپریشن میں متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران پاکستان دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق اپنے تحفظات ایران کے ساتھ شیئر کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔

بعدازاں گزشتہ روز پاکستان نے ایران سے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطحی تبادلوں کو معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر، جو اس وقت ایران میں ہی ہیں، ان کو بھی پاکستان واپس نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker