بالی ووڈ کے معروف موسیقار استاد راشد خان کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے 55 سال کی عُمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موسیقار راشد خان طویل عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے، وہ کولکتہ کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ 9 جنوری کی شام انتقال کرگئے۔
بھارتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ راشد خان کے دماغ میں خون کی کمی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اُنہیں 2023 میں 22 نومبر کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران معلوم ہوا کہ موسیقار کو کینسر ہوگیا ہے۔
دوران علاج ہی راشد خان کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی جس کے بعد اُنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا، ایک ماہ تک وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد وہ 9 جنوری کو انتقال کرگئے۔
راشد خان کی تدفین آج 10 جنوری کو ہوگی، موسیقار کے انتقال نے بھارتی میوزک انڈسٹری کو سوگوار کردیا ہے، بھارتی گلوکاروں سمیت پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور فرحان سعید نے بھی راشد خان کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ راشد خان اپنی آواز اور کلاسیکی موسیقی کی وجہ سے بھارت سمیت پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں، اُنہوں نے اپنی روح پرور آواز کی بدولت کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔راشد خان کے مشہور گانوں میں ’رشتے ناتے‘، ’آؤگے جب تم‘، ’عشق کا رنگ‘ اور ’آج کوئی جوگی آوے‘ سمیت دیگر گانے شامل ہیں، سال 2022 میں راشد خان کو بھارت کے اعلیٰ اعزاز پدم بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔