
اسلام آباد(آئی پی ایس) صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق متعصبانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔
احسن بختاوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کا فیصلہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازع علاقہ ہے، بھارتی سپریم کورٹ کو مقبوضہ کشمیر کے متنازع علاقے کے تعین کا کوئی حق نہیں ہے،بھارت گزشتہ 76برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ مسئلہ کشمیراور فلسطین حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، عالمی برادری کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ،مقبوضہ کشمیر کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
احسن بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت پوری پاکستانی قوم اور ریاست کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،کشمیری بھائیوں کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہیں ، ہر فورم پر انکی آواز اٹھائیں گے۔