کراچی (آئی پی ایس )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے کنوینئیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم اختیارات کی منتقلی کیلئیتھی، ہم چاہتے ہیں وفاق بلدیاتی محکموں کو براہ راست فنڈز دے۔
ایم کیو ایم قیادت نے کراچی میں پریس کانفرنس کی، جس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک میں ہر شہری کو ریلیف ملنا چاہئے، جمہوریت میں ہر شہری کو حقوق حاصل ہوتے ہیں۔ایم کیو ایم کنوینئیر نے کہا کہ خوشحال پاکستان کے ساتھ ساتھ خوشحال پاکستانی کو بھی دیکھیں، پاکستان میں معاشی بحران کے ساتھ نیت کا بھی بحران ہے، سب کو سیاست کے بجائے ریاست پر توجہ دینی چاہئے۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئیر مصطفی کمال نے کہا کہ تمام بلدیاتی محکموں کو آئین میں لکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی فنانس کمیشن سے فنڈز ٹرانسفر ہوتے ہیں، صوبوں کے اندر فنڈز ٹرانسفر کا منصفانہ میکینزم نہیں، وفاق براہ راست اکاونٹ میں فنڈز ٹرانسفر کرے۔مصطفی کمال نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں بھی نگراں سیٹ اپ ہونا چاہئے، جب تک بلدیاتی حکومتیں نہ ہوں تب تک صوبے اور وفاق میں انتخابات نہ کروائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی جماعت کو مزید صوبے بننے پر اعتراض ہے تو اسے ہماری تجویز کردہ آئینی ترامیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔