اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے 2024 کی حج پالیسی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج پالیسی 2024 پر 3 ماہ کام کیا، ہم چاہتے تھے کہ حجاج کی دعائیں لیں، وزیراعظم نے اس سلسلے میں ہماری رہنمائی کی، حج پالیسی میں سعودی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کیا، کل یہ حج پالیسی کابینہ سے منظور ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آنے والا حج اگلے سال کی نسبت سستا ہو، گزشتہ حج 11 لاکھ 75 ہزار کا تھا، اس سال 10 لاکھ 75 ہزار روپے کا ہوگا، ائیر ٹکٹ سستا ملا تو اس کا فائدہ بھی حجاج کوہوگا، ٹکٹ میں رعایت حجاج کرام کو واپس کریں گے، 90 ہزارحجاج کو سوٹ کیس کیو آرکوڈ کے ساتھ فراہم کریں گے، کیو آر کوڈ پر حجاج کی ہر طرح کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2024 کا حج ڈیجیٹلائز ہوگا، حاجیوں کو موبائل ایپلی کیشن دی جائے گی وہ گم نہیں ہوں گے، نیٹ ختم ہونے کی صورت میں بھی ایپلی کیشن چلے گی، دوران حج ایک حاجی پاکستان لاتعداد کالز کرسکے گا، ہرحاجی کے پاس7 جی بی کا انٹرنیٹ پیکج ہوگا، ملائشین خواتین کی طرح پاکستانی خواتین حجاج کو قومی پرچم والا عبایا بھی دیں گے۔
مختصر دورانیے کا حج متعارف:
انیق احمد نے بتایا کہ رواں سال مختصر دورانیے کا حج بھی متعارف کروایا ہے، شارٹ حج میں عازمین 20 یا 21 دن میں حج کرکے واپس آجائیں گے، اسپانسرز اسکیم میں قرعہ اندازی نہیں ہوگی، حاجی اگر مدینہ میں8 کی بجائے4 دن رہنا چاہیں توپیکج مزید 30 سے 35 ہزار روپےکم ہوجائےگا۔
نگران وزیر نے بتایا کہ ڈیجیٹل ایپ میں ایک آپشن شکایت کا بھی رکھا تھا، اگرکسی حاجی کوشکایت ہوئی توحج ایپلی کیشن سے براہ راست شکایت درج کرسکے گا، جیسے ہی یہ شکایت درج ہوگی اس پر ایکشن لیا جائے گا، حج پیکج میں ناقص کوالٹی پر کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے روڈ ٹومکہ پراجیکٹ میں کراچی کو بھی شامل کرلیا ہے، لاہور سمیت دیگرشہروں کوبھی اس پروگرام میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے، ہم معاونین کو ریٹرن ٹکٹ کےساتھ 140 ریال فی کس دیتے رہے ہیں، اب فیصلہ کیا ہے جوطلبا وہاں پڑھ رہے ہیں50 فیصد پر اُن لوکل معاونین کو کیا جائےگا۔