اسلام آباد (نیوزڈیسک)نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کرسیاسی رنگ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی گرفتاری سےمتعلق بیان پر وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی وضاحت آگئی۔
سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ میرے بیان کوسیاق سباق سےہٹ کرسیاسی رنگ دیاگیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےعوام کا ایک بڑاحصہ انہیں خوش آمدیدکرنےکی تیاریوں میں مشغول ہے، وطن واپسی پر نواز شریف سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کرمعاملات کوحقیقت کےآئینہ سےدیکھنا ہوگا اور نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی۔
یاد رہے گذشتہ روز نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفرازبگٹی نے نجی ٹی وی پروگرام ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کوعدالت سےضمانت نہیں ملی توگرفتارکریں گے۔
سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ کسی پروٹوکول کا انتظام نہیں کیا گیا، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنےکے لیے بڑی فورس کی ضرورت نہیں، ایئرپورٹ حساس علاقہ ہے وہاں ویسے بھی اجتماع کی اجازت نہیں ہوتی۔