اسلام آباد(نیوزڈیسک)نیب کی جانب سے سپریم کورٹ کے نیب کیسز کی بحالی کے حوالے سے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔
قومی احتساب بیورو نے 80 کیسز کی فہرست رجسٹرار آفس کو جمع کروا دی جس میں سے 26 نیب ریفرنسز احتساب عدالتوں میں جمع ہو گئے جبکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کی رہنما روبینہ خالد کے طلبی کے سمن جاری کر دئیے۔
احتساب عدالت نمبر ایک میں پانچ ریفرنسز کا ریکارڈ پیش کیا گیا جبکہ عدالت نمبر 2 میں 8 اور عدالت نمبر 3 میں 13 ریفرنسز کا ریکارڈ پیش کیا گیا، عدالت نمبر 2 اور 3 کا سٹاف بھی واپس ڈیوٹی پر بلا لیا گیا، دونوں عدالتوں میں ججز نہ ہونے کے باعث سٹاف دیگرعدالتوں میں تعینات کیا گیا تھا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف دو رینٹل پاور ریفرنسز کی سماعت کے بعد طلبی کا سمن جاری کر دیا جبکہ لوک ورثہ خرد برد کیس میں روبینہ خالد اور شریک ملزمان کی چار اکتوبر کو طلبی کا سمن جاری کیا گیا ہے، عدالت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خرد برد کیس میں عدالتی دائرہ اختیار پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئے۔