اہم خبریں

مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ممکنہ سیاسی جماعت میں کون کون شامل ہوں گے؟

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر ایک نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے لیے پر تول رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ان کی ممکنہ سیاسی جماعت میں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت حاجی لشکری رئیسانی، خواجہ ہوتی اور کچھ دیگر سیاستدانوں کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 سال میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت کوئی جماعت ایسی نہیں جسے حکومت کرنے کا موقع نہ ملا ہو۔
پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتوں سمیت دیگر پارٹیوں کے نام لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت ایسی نہیں جو حکومت میں نہ رہی ہو۔’اپنے منجمد اکاؤنٹ تو بحال ہوگئے، اپنے جو مقدمات تھے وہ تو ختم ہوگئے، اپنے مسائل تو کم ہوگئے مگر لوگوں کے مسائل کا حل کہاں ہے۔‘
اس موقع پر میزبان نے کہا کہ آپ اب لگتا ہے کہ آپ ایک نئی پارٹی بنانے لگے ہیں۔ جس پر مصطفی نواز کھوکھر بولے؛ خواہش بھی ہے، کوشش بھی ہے، میں دوستوں کو قائل کررہاہوں اور کافی حد تک قائل کربھی لیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی پارٹی میں شاہد خاقان عباسی بھی شامل ہوں گے تو مصطفی نواز کھوکھر کا موقف تھاکہ وہ انہیں قائل کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل، لشکری رئیسانی اور خواجہ ہوتی کی ممکنہ شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر بھی ان کا یہی موقف تھا کہ وہ سب کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker