چین ایک انتہائی اہم عالمی معیشت بن چکا ہے، دنیش گناوردانہ
چین کے شہر کنمنگ میں چائنا-ساؤتھ ایشیا ایکسپو 2023 میں شریک سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گناوردانہ نے سی ایم جی کو خصوصی انٹرویو دیا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق
انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت، سیاست اور سلامتی کے بحران کے پیش نظر، چینی صدر شی جن پھنگ نے شاندار قائدانہ حکمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ چینی مارکیٹ نہ صرف موافق ہے بلکہ اس میں کاروبار کے لامحدود مواقع ہیں۔ چین سری لنکا کا قریبی دوست ہے اور اس نے سری لنکا کی قومی تعمیر کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ سری لنکا چینی مارکیٹ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
دنیش گناوردانہ نے نشاندہی کی کہ آج چین ایک انتہائی اہم عالمی معیشت بن چکا ہے۔ چین کی ترقی سے نہ صرف ملک کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ دنیا کی مشترکہ خوشحالی کے لیے بھی اہم مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ صدر شی جن پھنگ کی یہی خواہش ہے کہ تمام بنی نوع انسان کے لیے ترقی کی کوشش کی جائے۔ چین صرف اپنے لیے کسی خاص فائدے کا خواہاں نہیں ہے بلکہ پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ کوشش کرنا چاہتا ہے۔ چائنا-ساؤتھ ایشیا ایکسپو اس تصور کا بہترین مظاہرہ ہے۔