لاہور(آئی پی ایس)سانحہ نو مئی (جناح ہاؤس حملے) کے مرکزی مقدمے کی تفتیش کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے 22 رہنماؤں سمیت 282 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے سانحہ 9 مئی کے مرکزی مقدمے کی سماعت کے دوران جناح ہاؤس حملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت 22 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیدیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے جن رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا گیا ان میں میاں اسلم اقبال، مراد سعید، عندلیب عباس، احمد نیازی، فرخ حبیب، زبیر نیازی، علی امین گنڈا پور اور حماد اظہر سمیت دیگر شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مقدمہ نمبر 96/23 میں شامل تفتیش ہونے کیلئے بار بار بلایا گیا، طلبی کے نوٹسز کے باوجود ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے، ملزمان کے گھروں، ڈیروں اور دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ عدالت سے احکامات لیکر ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا، مجموعی طور پر 282 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دلوایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نو مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیب نے رینجرز کی مدد سے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کیا، اس دوران توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا تھا۔