
اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے نامور مصور مصباح الدین قاضی کو انکے فنِ مصوری میں کمال کے اعتراف میں تمغۂِ امتیاز کے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت کی طرف سے مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نمایاں ملکی و عالمی شخصیات کیلئے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا، مصور مصباح الدین کا شمار پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اولین بانی افسران میں ہوتا ہے جہاں سے وہ 33 سالہ سروس کے بعد 2006 میں بطور ڈائریکٹر ویژل آرٹس ریٹائر ہوئے، وہ بعد از سبکدوشی بھی فن مصوری سے وابستہ ہیں اور گاہے بگاہے ملک کے مختلف خوبصورت مقامات کی تصویر بندی کرکے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ویژل آرٹس (بصری فنون) کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر آرٹسٹ کمیونٹی کی طرف سے مذکورہ حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے، حلقہ احباب کی طرف سے بھی مبارکبادی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان سول ایوارڈز کی تقریب آئندہ برس 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی۔