اسلام آباد(آئی پی ایس)نگران وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت کے لئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان مشاورت کا یہ دوسرا دور ہے جس کیلئے راجہ ریاض وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں دونوں شخصیات کی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق راجہ ریاض نے گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات میں نگران وزیراعظم کیلئےتین نام تجویز کیے تھے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات اتحادیوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ راجہ ریاض کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے دئیےجانے والے ناموں میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نام بھی شامل ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف راجہ ریاض کو آج تک نگران وزیراعظم کا نام دینے کا کہا ہے۔
صدر مملکت نے وزیراعظم اور راجہ ریاض احمد کو خط لکھا ہے کہ جس میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے مشورے سے نگران وزیراعظم کی تعیناتی کرتے ہیں۔
انہوں نے لکھاکہ آئین کے تحت وزیرِ اعظم اور قائدِ حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 3 دن کے اندر نگران وزیرِ اعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ 9 اگست کو صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی۔