لاہور ( آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف بہت جلد پاکستان آئیں گے، انہیں سازش کے تحت عملی سیاست سے علیحدہ کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا عدالتی فیصلہ ہے، عدالتی فیصلوں کے ختم ہونے کا ایک طریقہ کار ہے، اس طریقے کو اپنایا گیا اور مریم نواز بری ہوئیں، قائد مسلم لیگ ن حفاظتی ضمانت لیں گے، اپیلوں پر سماعت کے بعد وہ بری ہو جائیں گے، ان پر جو پابندیاں لگائی گئیں ہیں وہ ختم ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام دیا گیا اور مسترد ہوگیا، اسحاق ڈار کا نام کسی نے پیش ہی نہیں کیا۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ضرور سر اٹھا رہی ہے تاہم قانون نافذ کرنیوالے ادارے نیک نیتی اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔