راولپنڈی(آئی پی ایس)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آخری 20 دن رہ گئے ہیں جو کرنا ہے کر لیں پھرانہیں موقع نہیں ملے گا، غربت اور مہنگائی کے مارے لوگ اگر شفاف الیکشن ہوئے تو پولنگ باکس پر 15 مہینے کا سارا ادھار اتار دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے اپنے پیغام میں لکھا کہ جے یو آئی کہتی ہے کہ تمام سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے ن لیگ کہتی ہے سیٹ اجسٹمنٹ نہیں کریں گے، پی پی پی کہتی ہے کہ اپنے نشان پر الیکشن لڑیں گے میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ان کا شیراز ہ بکھرے گا یہ عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بنیں گے اور ان کے پاس ضمانتیں ضبط کروانے والوں کا جمع غفیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی جن شرائط پر عمل کرنا ہے وہ بہت سخت ہیں اور پاکستانی اکانومی کو نئے مسائل سے دوچار ہونا پڑے گا اور غریب کا مزید سوا ستیاناس ہو جائے گا، ہمارے دوست ملکوں نے بھی یہی مشورہ دیا ہے کہ اپنے ملک کے اندر کے حالات ٹھیک کریں اور سیاسی و معاشی استحکام لائیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غریب کا کوئی والی وارث نہیں ہے، بات اہلیت اور نااہلیت سے آگے چلی گئی ہے، نہ کوئی فیکٹری لگا رہا ہے نہ کوئی سرمایہ کار آ رہا ہے، سٹینڈ بائی ایگریمنٹ عارضی ہے اور الیکشن سے منسلک ہے، 24 کروڑ لوگوں میں سے 10 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں، 10 لاکھ ڈاکٹر، انجینئر پروفیسر، ملک چھوڑ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے شرائط جاری کر دی ہیں جو حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، بجلی، گیس کی قیمت بڑھا کر چینی، آٹا مہنگا کر کے کس منہ سے یہ عوام میں ووٹ مانگنے جائیں گے، اصل مسئلہ نگران وزیراعظم کا ہے، سیاستدان ہوگا یا معیشت دان ہوگا، اس پر سوئی پھنسی ہوئی ہے اور یہ مسئلہ متنازع بھی بن سکتا ہے، حکومت نے اپنے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے کیس ختم کرا لیے ہیں لیکن آج عوام کا کیس لڑنے والا کوئی نہیں ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی دیانتدار، ایماندار اور غیرجانبدار نگران وزیر اعظم آگیا تو دھاندلی کی ساری خواہشیں دم توڑ جائیں گی اور قومی وقار میں اضافہ ہوگا دنیا بھی اسے تسلیم کرے گی، ہر کوئی اپنے سیاسی فائدے کا سوچ رہا ہے، ملک و قوم اور غریب عوام کے فائدے کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔