اسلام آباد(سب نیوز )اسلام آباد تحریک دفاع حرمین شریفین کی ایگریکٹو کونسل کا اجلاس ،معاون خصوصی وزیراعظم سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی صدرات میں سیکرٹری جنرل مولنا فضل الرحمن خلیل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔جس میں تحریک دفاع کے مرکزی رہنماں صاحب زادہ شاہ اویس نورانی، مولنا علی محمد ابو تراب، علامہ زاہد محمود قاسمی،مولنا عتیق الرحمن شاہ کاشمیری، پروفیسر سجاد قمر، ملک سلمان منگلا اور نجیب اللہ نے شرکت کی۔اجلاس میں دو الگ الگ قراردادیں منظور کی گئیں۔جن میں کہا گیا کہ تحریک دفاع حرمین نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت مقدم ہے۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ قابل تحسین ہے۔اس کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلایا جائے۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، صاحب زادہ شاہ اویس نورانی،مولنا فضل الرحمان خلیل، مولنا علی محمد ابو تراب، صاحب زادہ زاہد محمود قاسمی، پروفیسر سجاد قمر اور مولانا عتیق الرحمن شاہ کاشمیری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات مہذب معاشرہ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔9 مئی کو ایک منظم منصوبہ کے تحت جناح ہاوس لاہور پر حملہ کیا گیا اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔تحریک دفاع حرمین شریفین کے رہنماں نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاکستان میں شروع کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے حجاج کرام کو بہت زیادہ سہولت ملی۔اس حوالے سے خصوصی کاوشوں پر انھوں نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر جناب نواف بن سعید المالکی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
تحریک دفاع حرمین شریفین کے رہنماں نے کہا اس سال ایک عرصہ کے بعد پوری تعداد میں پوری دنیا سے حجاج کرام حرمین شریفین پہنچ رہے ہیں۔اس حوالے سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کی حکومت کی طرف سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال بھی بہترین انتظام میں حجاج کرام اپنا فریضہ سرانجام دیں گے۔انھوں نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی ہیں۔اور تحریک دفاع حرمین شریفین ہر آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی حکومت کی شکر گزار ہے