اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کی تاریخیں دینے والوں کو شرم آنی چاہئے، پاکستان کے پاس ٹریلین ڈالرز کے اثاثے موجود ہیں، ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی تاریخیں دیتے ہیں۔ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالیں گے، جو مشکل اصلاحات تھیں، وہ ہو چکی ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا’ مانتا ہوں ماضی میں کئی وعدوں پر عمل نہیں ہوا مگر ہماری پوری کوشش ہے کہ جو بھی وعدے ہوں گے انہیں پورا کریں‘۔
’کوشش ہے کہ غیر ملکی ادائیگیاں وقت پر کریں اور بہت جلد ملک کو مشکلات سے نکال لیں گے۔‘
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کے باعث ہوا اور ملک کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، ایک دن میں سارے مسئلے حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے یہی طے ہوا تھا کہ ہماری سیاست کو بے شک نقصان ہو جائے لیکن ملک کا نقصان نہیں ہونے دیں گے، 2013 میں جب حکومت سنبھالی، تب بھی پہلا سال ہمارے لیے مشکل تھا بعد میں معیشت صحیح سمت پر آگئی تھی جس سے آسانیاں پیدا ہوئیں۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے بجٹ کے بعد بھی پاکستان میں طویل مدتی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ جب تک معیشت صحیح سمت پر نہیں آجاتی ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔