اسلام آباد (آئی پی ایس)سینئر صحافی سمیع ابراہیم کے اہل خانہ کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آگیا ہے ،صحافی ایک ہفتے کے بعد اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سمیع ابراہیم کی ہسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے تصویر وائرل ہو رہی ہے جبکہ ان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹس سے پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ” اللہ کا شکر ہے “ ۔
یاد رہے کہ سمیع ابراہیم کے اہل خانہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ صحافی کو آبپارہ پولیس سٹیشن کی حدود سے نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لیا گیاہے۔ شکایت میں کہا گیا کہ رات نو بجے سیکٹر جی 6 میں متعدد گاڑیاں آئیں اور انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ دفتر سے گھر واپس آ رہے تھے ۔
بتایا گیا کہ وہ نامعلوم افراد سمیع ابراہیم کے ڈرائیور کو وہیں چھوڑ گئے جبکہ صحافی کو اپنے ساتھ لے گئے ، فیملی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ نامعلوم افراد تین موبائل فونز اور گاڑی کی چابیوں سمیت دیگر چیزیں اپنے ساتھ لے گئے ۔