پاکستان

پاک فضائیہ کا 1965 کی جنگ کے قومی ہیروز کو خراج عقیدت

اسلام آباد(آئی پی ایس)پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم اوربھارت کے تین طیارے تباہ کرنیوالے ہیرو اسکوارڈن لیڈر سرفراز رفیقی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ اپنے غازیوں اور شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ پاک فضائیہ کا 1965ء کی جنگ کے ہیرو ائیر کموڈور محمد محمود عالم بارے خصوصی پرومو جاری کیا گیا ہے ۔

ایم ایم عالم نے 1965 کی جنگ کے دوران ایک منٹ میں بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے گرانے کا شاندار کارنامہ سر انجام دیا۔پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہواباز نے اپنے F-86 طیارے میں پرواز کرتے ہوئے 5 بھارتی لڑاکا طیارے ایک منٹ سے کم وقت میں تباہ کیے۔ایم ایم عالم نے گیارہ روزہ جنگ میں کل 9 بھارتی طیاروں کو نیست و نابود کیا،ایم ایم عالم کا تاریخی کارنامہ آج تک ایک ناقابلِ شکست ریکارڈ ہے۔

ایم ایم عالم کے ان جرات مندانہ خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے آپ کو دو بار ستارۂ جرأت سے نوازا،اپنے بیان میں پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ کے ہیرو اسکواڈرن لیڈر سرفراز احمد رفیقی شہید کو خراجِ عقیدت کیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسکواڈرن لیڈر سرفراز احمد رفیقی شہید سے متعلق پاک فضائیہ کا خصوصی پرومو جاری کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیقی شہید نے یکم ستمبر 1965 کو چھمب سیکٹر میں ساتھی ہوابازوں کے ساتھ بھارتی فضائیہ کے تین حملہ آور طیاروں کو مار گرایا۔

6 ستمبر 1965ء کی شام انہوں نے لاہور کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی فضائی اڈے ہلواڑا پر حملہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایک بھارتی طیارہ گرانے کے بعد اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیقی شہید کے جہاز کی مشین گن جام ہوگئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے بیان کے مطابق میدان چھوڑ کر بھاگنے کے بجائے انہوں نے نہتے اپنی فارمیشن کی پشت سے حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیقی شہید کو شاندار کارکردگی و جرأت کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ جرأت اور ستارۂ جرأت کے اعزازات سے نوازا گیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker