لاہور(آئی پی ایس) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوورکی تعمیرکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاجبکہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انتخابات سے نہیں بھاگ رہے، الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوورکی تعمیرکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوور منصوبہ 3ارب10کروڑ روپے کی لاگت سے4ماہ میں مکمل ہوگا۔ اکبر چوک فلائی اوور 2لینز اور 700میٹرطویل ہوگا جبکہ انڈر پاس 2لینز اور 540میٹرطویل ہوگا۔
بتایاگیا ہے کہ منصوبے سے فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، کوٹ لکھپت اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ایس ایم تنویر،سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم انتخابات سے نہیں بھاگ رہے بلکہ پوری طرح تیار ہیں جب بھی کہیں گے الیکشن کرادیں گے ۔انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے سوال کے جواب میں بتایا کہ پی سی بی سے معاہدہ ہوگیا ہے، پی سی بی لائٹس خرید لے گا تو کرائے پر نہیں لینا پڑیں گی۔