
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ آئین شکن عمران خان اور عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے،
پارلیمنٹ آئین شکنی کرنے والوں کا ہاتھ روکے۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، عمران خان اور عارف علوی نے نہیں،عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ کا حکم نامہ نہیں "سلیکشن نامہ” جاری کیا، مسترد کرتے ہیں،یہ ملک میں "ون پارٹی رول” اور پاکستان کو پھر "ون یونٹ” بنانے کی سازش ہے ،ہم علوی کی طرح غلام نہیں کہ عمران خان جو کہے، ہم وہ کرنے پر مجبور ہوں ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ”حسن سلوک“ سے پتہ چلتا ہے کہ نیپیاں اب بھی تبدیل کی جارہی ہیں ،
عمران خان کی عدالتوں میں شاہانہ پیشیاں نظام عدل کا منہ چڑا رہی ہیں ،ایک شخص کے سامنے آئین، قانون اور عدلیہ سب بے بس تھے اور ہیں،سیاستدانوں پر طبرے بھیجنے والے عمران خان کی منتیں ترلے کر رہے ہیں، سبحان اللہ کیا مساوی انصاف ہے؟ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور عمران خان کے ساتھ عدالتی رویے ملک میں رائج ‘دو پاکستان، دو نظام’ کا ثبوت ہے ،اپوزیشن پر رحم نہ کھانے والوں کے سینے میں عمران خان کے لئے رحم دلی کا دریا موجیں مار رہا ہے ،جیلوں میں بند لوگوں کو اچھا پیغام دیا گیا کہ پاکستان میں انصاف کیسے ملتا ہے۔





