آئی سی سی آئی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے مابین نوجوانوں کی ترقی کیلئے باہمی تعاون کا معاہدہ
اسلام آباد ( ) نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر علی ملک نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محترمہ شازہ فاطمہ خواجہ، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، چوہدری جاوید اقبال، شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، راجہ امتیار، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان، محمد وقاص خان اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں لہذا ان پر خصوصی توجہ دے کر ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان شراکت داری نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے اور ملک میں معاشی ترقی کو بہتر کرنے میں مفید کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت نامے کے ذریعے دونوں ادارے باصلاحیت نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے تا کہ نوجوان اپنے بزنس آئیڈیاز کو کامیاب کاروبار میں تبدیل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے مرد اور خواتین نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے امور میں تعاون کریں گے اور اس سلسلے میں ان کی ہرممکن رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا باہمی تعاون ملک میں نوجوانوں کو پیداواری سرگرمیوں میں مصروف کرنے، ان کیلئے ذریعہ معاش کے نئے مواقع پیدا کرنے، جدت کی حوصلہ افزائی کرنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ نوجوان ہماری آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہیں اور ہر سال ہزاروں نوجوان یونیورسٹیوں سے فارغ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے تمام نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ممکن نہیں ہے لہذا انہیں پیداواری سرگرمیوں میں شامل کرنے کا بہترین طریقہ ان میں کاروبار کرنے کا شوق پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اورپرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان مفاہمت کی یادداشت سے نوجوانوں کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔