
اسلام آباد (آئی پی ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا پشاور اور واہ کینٹ کے کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی اداروں کو کام کرنے سے روکنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 مارچ تک ملتوی کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 2 کنٹونمنٹ بوڈز میں بلدیاتی حکومتوں کو معطل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور اور واہ کے نمائندوں کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ابھی ہوا نہیں صرف شیڈول آیا اور آپ نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،آپ نے بلدیاتی نمائندوں کو کس قانون کے تحت معطل کر دیا ؟ایک طرف آپ کہہ رہے ہیں پتہ نہیں الیکشن کب ہوگا ، ہمیں گورنر بتائے گا ،دوسری جانب شیڈول آنے پر ہی آپ نے لوکل باڈیز کو معطل کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے استدعا کی کہ آپ ایک بار ڈی جی لا الیکشن کمیشن کو سن لیں ،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایک وجہ بتا دیں کہ لوکل باڈیزکو کیوں کام سے روکا گیا،ویسے بھی ملک میں کچھ نہیں ہو رہا تو آپ نے سوچا کہ لوکل باڈیز کو معطل کرتے ہیں
ابھی صرف درخواست گزاروں کی حد تک نوٹیفکیشن معطل کرتاہوں ،الیکشن کمیشن بتائے کہ لوکل باڈیز کو کام کرنے سے کیوں روکا گیا ،آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن عدالت کو مطمئن کرے ۔





