اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ترکیہ اور شام میں زلزلہ سے فوت ہونے والوں کیلئے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں مارکیٹوں کے صدور سمیت تاجروں و صنعتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے عطیات بھی جمع کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہرممکن مدد کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے تباہ کن زلزلے نے ترکیہ اور شام میں بہت تباہی پھیلائی ہے کیونکہ دونوں ممالک میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس میں سے 20ہزار سے زاہد اموات صرف ترکیہ میں واقع ہوئی ہیں جس سے اس کی تباہی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور سردی کے ا س موسم میں ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب اکتوبر 2005میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا تو ترکیہ کی امدادی ٹیمیں سے سے پہلے پاکستان پہنچی تھیں جبکہ مشکل کی ہر گھڑی میں ترکیہ پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہا لہذا ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اس مشکل وقت میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کریں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ دونوں ممالک کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے دل کھول کر عطیات دیں تا کہ اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی مشکلا ت کم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ایک معقول رقم جمع کر کے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی عطیات اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے بینک اکاؤنٹ نمبر PK86ALFH0403001004080135ِِ، بینک الفلاح، اسلام آباد میں جمع کرا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام تجارتی مراکز میں بھی عطیات جمع کرنے کیلئے کیمپ لگائے جائیں اور ہر مارکیٹ کی ایسوسی ایشن اپنی مارکیٹ کے تاجروں سے عطیات وصول کر کے چیمبر کو دے گی۔
چیمبر کے سابق صدور ظفر بختاوری، طارق صادق، محمد شکیل منیر، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان اور گروپ لیڈر طاہر عباسی،عبدالر حمٰن صدیقی، راجہ امتیاز، رضوان چھینہ اور فصیح اللہ خان سمیت تاجروں وصنعتکاروں نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور ترکیہ و شام میں زلزلہ سے فوت ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔