فوری انتخابات مسائل کا حل نہیں ،صدر اسلام آباد چیمبر کاحکومت ، سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کا مشورہ
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی معاشی صورتحال کے تناظر میں میثاق معیشت اور الیکشن کے التوا کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ صدر اسلام آباد چیمبر نے حکومت ، سیاسی جماعتوں کو انتخابات سے قبل میثاق معیشت کا مشورہ دے دیا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو مشکل فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری بزنس کمیونٹی مشکل فیصلوں میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی افرا تفری میں انتخابات کا انعقاد مسائل حل نہیں کرے گا،دہشت گردی اور معاشی صورتحال کے تناظر میں دو صوبوں میں الیکشن مناسب نہیں، صدر اسلام آباد چیمبر کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورتحال سیاسی قیادت سے بالغ نظری کا تقاضا کرتی ہے،حکومتی جماعتیں اپوزیشن کو معیشت کے معاملے پر ٹیبل پر بیٹھائیں،بزنس کمیونٹی انتخابات کے ضروری التوا کے فیصلے کی حمایت کرے گی۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے،ایسے حالات میں ملک انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا، موجودہ معاشی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن موخر کیے جائیں، اسلام آباد چیمبر سیاسی جماعتوں میں میثاق معیشت کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔