اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ملک بھر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈان کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کردی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اعلان کے بعد ایف آئی اے نے ملک بھر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈان کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملک بھر میں سینئر افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹیمیں پیٹرول پمپ بھی چیک کریں گی، ذخیرہ اندوزی کرنیوالے مالکان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کے علاوہ لائسنس کینسل کرنے کا بھی عندیا دیا گیا ہے۔