
لاہور(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کرابہام پیدا کررہی ہے، عدالتی کارروائی کے بعد انتخابات میں کوئی ابہام نہیں رہا۔
انتخابی شیڈول جاری کرنے کے کیس کی سماعت کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں اسد عمر نے اپنے وکیل بیرسٹر علی سفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر اور الیکشن کمیشن مانتے ہیں کہ انتخابات نوے دن میں ہونے ہیں، مگر تاریخ دینے کو وہ تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود لکھ کر دے چکا ہے کہ تیاری کے لئے 54دن چاہئیں، حکومت جان بوجھ کر ابہام پیدا کررہی ہے، آج کی عدالتی کارروائی کے بعد انتخابات ہونے میں کوئی ابہام نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پارلیمانی بورڈ کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، عمران خان جلد امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیں گے، کارکن ایک دن بھی ضائع نہ کریں اور انتخابات کی تیاری کریں، پی ٹی آئی جیتے گی۔حکومت کی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انتقامی کارروائی پر توجہ ہے۔
انکا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر چلے گئے، حکومت کی توجہ گرفتاریوں پر ہے، حکومت شیخ رشید، عمران ریاض کو گرفتار کررہی ہے، غداری کے مقدمے درج کر کے آئین کو پاؤں تلے روندا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ وسائل کا رخ گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کی طرف لگا دیا گیا ہے، حکومت کی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انتقامی کارروائی پر توجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بائیس کروڑ عوام کسی کو بھی اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے، قانون کی حکمرانی کےخلاف کام کرنے والوں کے خلاف عوام سر نہیں جھکائیں گے، ملک کو نئے انتخابات کی طرف جانے سے نہ روکا جائے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پشاور میں بدترین دہشت گردی کا واقعہ ہوا، خیبر پختونخوا پولیس کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔





