
اسلام آباد (آئی پی ایس) الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو ساڑھے 11 بجے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجا الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان، فیصل چودھری اور فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری عدالت پہنچ گئے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما خرم نواز اور سینیٹر شہزاد وسیم بھی عدالت میں موجود ہیں۔
سماعت شروع ہونے پر بابر اعوان نے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت اگر تھوڑی جلدی کر دیں جس پر جج نے کہا کہ فواد چودھری کیس کے لیے ساڑھے 11 بجے کا وقت رکھ لیتے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چودھری کو ساڑھے 11 بجے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ فواد چودھری کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پیش کریں۔