اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواست 22 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی جلد تحقیقات کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ چھٹیوں کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ پہلے سماعت رکھ دیں دیر ہوجائے گی،چھوٹا سا مسئلہ ہے۔چیف جسٹس نے قرار دیا کہ چھوٹا مسئلہ تو ہے لیکن اگلے ہفتے آپکے باقی بڑے مسئلے بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں،ایسا کرتے ہیں پھر چھٹیوں سے پہلے سماعت کیلئے رکھ لیتے ہیں۔عدالت نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی اور رجسٹرار آفس کو فرخ حبیب کی درخواست 22 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ فرخ حبیب کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے 5 سال کے پارٹی فنڈز کی اسکرونٹی کا حکم دے۔ قبل ازیں تحریک انصاف نے ن لیگ،پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کے جلد فیصلے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ،تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے پہلے سے زیر سماعت کیس میں متفرق درخواست دائر کی۔تحریک انصاف نے درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف کی طرح دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیس سننے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا،تحریک انصاف اور اس کے ارکان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے،دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا گیا کہ وہ تحریک انصاف کے خلاف غلط رپورٹ کا سیاسی فائدہ اٹھائیں۔





