اسلام آباد

اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال چھاتی کے کینسر کی آگاہی مہم میں پیش پیش

ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے 19 اکتوبر 2022 کو چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے مہینے کی مناسبت سے پنک ڈے منایا جس میں چھاتی کے کینسر کا خود معائنہ، اسکریننگ، اسکی روک تھام اور علاج کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کیا گیا۔ اس تقریب میں آگاہی واک کے ساتھ آگاہی اسٹالز، بیک سیلز، تفریحی کھیل، تخلیقی فن پارے، پوسٹرز کا مقابلہ، گلابی ربنز اور تعلیمی مواد کی تقسیم شامل تھی۔

چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی نے منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی، پرنسپل آئی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد اور ڈائریکٹر ہسپتال کرنل (ر) غلام مجتبیٰ عباسی کی موجودگی میں تقریب کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈاکٹرز، طلباء، انتظامیہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرمین نے انتظامیہ، عملے اور طلباء کو اس مہلک بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

یاسر خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتال اپنے ون سٹاپ بریسٹ کلینک میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی اور معیاری تشخیصی اور علاج کی خدمات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے اس مہلک بیماری کے علاج کے لیے جلد تشخیص کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ جلد پتہ چلنے پر اس کا علاج آسان ہوتا ہے۔

اے این ٹی ایچ کے ہیڈ آف کمیونیکیشنز عمران علی غوری نے میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال اور کالج مختلف تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر میں آگاہی سیشنز بھی منعقد کر رہے ہیں تاکہ بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص کے لیے خود معائنہ کرنے اور جلد تشخیص کے پیغام کو عام کیا جا سکے اور اس سلسلے میں، ہسپتال 21 اور 22 اکتوبر 2022 کو جی ایٹ مرکز، اسلام آباد، میں واقع اپنے ایگزیکٹو کلینکس میں ہر کسی کو مفت مشاورت و آگاہی مواد اور با رعایت تشخیص کی سہولیات کی پیشکش کر رہا ہے۔

اس مو قع پر منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ "ہم اکتوبر کے مہینے اور اس کے بعد بھی پاکستان میں بریسٹ کینسر کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker