راولپنڈی (آئی پی ایس )سماجی وانسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس کا کہنا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، انکا نونہالوں کی سیرت کو سنوارنے، انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ان کی کردار سازی میں اہم ترین کردار ہے ، اساتذہ کا علم کی روشنی کو اگے پھیلانے اور کسی بھی معاشرے کی تشکیل میں بڑا اہم کردار ہوتا ہے وہ چاہتے ہیں بچہ مستقبل میں ترقی کر کے اور ایک اچھا شہری بن کر جہاں ماں باپ کا سہارا بنے وہیں ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کیا، سماجی رہنما مریم ادریس کا کہنا ہے کہ اساتذہ جہاں معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار اداکر تے ہیں وہیں انکا طلبا کے مستقبل کے تعین میں بھی کلیدی کردار ہوتاہیمعاشرے میں اساتذہ کو قدر و منزلت کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔ ترقی کی منزلیں تعلیم سے جڑی ہیں اور کون ہے جو تعلیم میں اساتذہ کے کردار سے انکار کرے۔مریم ادریس کا کہنا ہے کہ استاد ایک اچھے تعلیمی نظام کا بنیادی عنصر، اس کی روح ہیں اور جب تک اساتذہ کو معاشرے میں عزت نفس نہیں ملتی،وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں، وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام نہیں دے سکتے۔ میرا یہ پیغام ہے کہ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے اساتذہ کو عزت دیں یاد رکھیں کیونکہ وہ ہمارے محسن ہیں. میں اپنے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جن کی وجہ سے میں معاشرے میں سماجی وانسانی حقوق کی رہنما کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہوں.