اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم کے مشیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم نے ادارے، عدالتیں اور پارلیمنٹ تو بنا لیں مگر اپنے رویئے تبدیل نہیں کئے، ہم آج بھی سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کے ساتھ جینا چاہتے ہیں،جو معاشرہ اپنے اندر جمہوری رویئے پیدا نہیں کرتا وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا،ہجرت کا سفر بڑا عجیب سفر ہے،رزق کی تلاش میں اپنا گھر بار چھوڑنا آسان کام نہیں ہے، سچ لکھنا اور اپنے بارے میں سچ لکھنا سب سے مشکل کام ہے، ہمیں دنیا سے سیکھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی اور مصنف امجد صدیق کے سفر نامے "سفر کہانی” کی تقریب رونمائی سیبطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ دنیا میں سستی لیبر کا سب سے بڑا ذریعہ غیر قانونی تارکین وطن ہی ہوتے ہیں،کم وسائل والے علاقوں کے لوگ روزگار کمانے کیلئے زیادہ وسائل والے علاقوں کا رخ کرتے ہیں جن میں سے اکثریت غیر قانونی تارکین وطن کی ہوتی ہے، جنہیںسفر کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہمارے ملک میں زرمبادلہ بھیجنے والے 95 فیصد لوگ غیر قانونی طور پر ہی بیرون ممالک گئے ہیں،نصف صدی پہلے یورپ جانے والے بزرگوں میں سے ہر ایک کی اپنی داستان ہے، تقریب کی صدارت کرنے والے ممتاز ادیب حمید شاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفر نامے تو بہت لکھے گئے اور کئی طریقوں سے لکھے گئے تاہم امجد صدیق کا سفر باقی تمام سے مختلف اور چونکا دینے والا ہے،انہوں نے سفر نامہ لکھ کر ہماری روح پر دستک دی ہے،انہوں جو کچھ لکھا کمال لکھا ہے،کتاب کے مصنف امجد صدیق نے کہا کہ مجھے یہ سفر نامہ لکھنے پر مجبور کرنے میں دوستوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے،اس کتاب میں ایک لفظ یا ایک واقعہ بھی جھوٹ نہیں لکھا،آٹھ برس کی عمر میں پہلی بار بیرون ملک سفر کا موقع ملا،وہاں جا کر پہلی بار ٹی وی اور فریج دیکھیتو یہ سوچنے پر مجبور ہو گیا کی اصل زندگی تو پاکستان سے باہر ہے،کچھ لوگ پیسہ لیکر خودکشی کرتے ہیں مگر ہم پیسہ دیکر خود کشی کرنیوالوں میں شامل ہیں،کتاب لکھنے کا مقصد نوجوانوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک جانے کی کوشش نہ کریں، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ آج جب کتاب پڑھنے کا رجحان ختم ہورہا ہیایسے ماحول میں کتاب لکھنا بہت بڑی بات ہے، کچھ عرصہ قبل امجد صدیق کے اندر کا قلمکار جاگنا ہمارے لئے حیران کن تھا، اپنے بچوں کو غیر قانونی طور پر باہر بھیجنے والے والدین کو اگر یہ اندازہ ہو جائے کہ یہ موت کا سفر ہے تو وہ کبھی بھی اپنے بچوں کو اس طرح باہر نہ بھیجیں اور بھوک برداشت کر لیں،تقریب سے ممتاز صحافی و شاعر طاہر پرواز، اسلم خان، حاجی نواز رضا،طارق چوہدری،خالد مجید اور سیکرٹری این پی سی خلیل احمد راجہ نے بھی خطاب کیا، تقریب کی نظامت کے فرائض فنانس سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے سرانجام دیئے، تقریب کے اختتام پر مصنف نے قمر زمان کائرہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما چوہدری منظور احمد کو کتاب بھی پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭