
اسلام آباد(آئی پی ایس) توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نےکی ۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان اور حکومتی اتحاد کے وکلا خالد اسحاق اور کامران مرتضی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے جواب دینے کے لیے 3 ہفتے کا وقت کا مانگا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپکو 3 ہفتے کا وقت کیوں چاہیے؟وکیل عمران خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے پاس توشہ خانہ ریفرنس نمٹانے کے لیے 3 ماہ کا وقت ہے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔