
اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی سے کشمیرتک سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی، شہریوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے ۔
دن کے آغاز پر وفاق میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔یوم آزادی کا سورج طلوع ہونے سے قبل مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے دوران ملک میں امن، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت کے کنونشن سنٹر میں قومی پرچم لہرانے کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔
قومی پرچم لہرانے کی دیگر تقریبات ملک بھرمیں صوبائی، ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹرزکی سطح پر بھی منعقد کی گئیں۔ ملک بھر کے ٹی وی چینلز آج کے دن کی مناسبت سے تحریک پاکستان کے مشاہیرکی خدمات اجاگر کر رہے ہیں اور پاکستان کوحقیقت کاروپ دینے میں ان کی غیرمعمولی خدمات کوخراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔دوسری جانب ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گھروں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے، سبز سفید رنگوں پر مشتمل بیجز اور سٹیکرز لگائے بچے بھرپور جوش و خروش دکھا رہے ہیں۔ ملک بھر کی مختلف سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں جبکہ رات کے اوقات میں عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے مزین کیا گیا۔کراچی میں مزارقائدؒپر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کےچاق و چوبند دستے نے گارڈز کےفرائض سنبھال لیے۔
تقریب میں کموڈور پاکستان نیول اکیڈمی محمد خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس کے دوران پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔رواں سال پاکستان کا 75 واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہر شہر گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم لہرا دیئے گئے ہیں جھنڈیوں سے کی گئی سجاوٹ خوب منظر پیش کر رہی ہے۔
گذشتہ شب نوجوان سبز ہلالی پرچم تھامے سڑکوں پر نکل آئے، اس موقع پر مختلف مقامات پر آتش بازی نے آسمان پر رنگ و نور پھیلا دیا، قومی اسمبلی ، ایوان صدر، وزیراعظم ہاوس سمیت سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔مزار اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے گارڈز کی تبدیلی کے عمل کا معائنہ کیا، مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔