پشاور(آئی پی ایس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) فرحان خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں ،سیکیورٹی اداروں نے ملکر 11 ٹارگٹ کلرز گرفتار کئے، قاری سمیع الدین، حافظ نعمان اور یوتھ آف وزیرستان کے نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد بھی گرفتار کرلیے گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈپٹی کمشنر کے ہمراہ میران شاہ میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی اور کمانڈنٹ ٹوچی سکاؤٹس موجود تھے۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ رواں سال ضلع کے اندر تشدد کے مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، 63 میں سے 30 اموات ذاتی دشمنی کی بنیاد پر ہوئیں، 4 افراد غیرت کے نام پر اور 4 زمینی تنازعات پر قتل ہوئے،، ٹارگٹ کلنگ میں 25 افراد مارے گئے، سیکیورٹی اداروں نے ملکر 11 ٹارگٹ کلرز گرفتار کئے، قاری سمیع الدین، حافظ نعمان اور یوتھ آف وزیرستان کے نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگرد بھی گرفتار کرلیے گئے، اکثریت ٹارگٹ کلرز میرعلی سے گرفتار کئے گئے، گرفتار ٹارگٹ کلرز آریانہ اور غازی گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں،
ڈی پی او نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں 105 دہشتگرد ہلاک ہوئے، مختلف کارروائیوں میں 204 دہشتگرد اور ان کے سہولت کار گرفتار کئے گئے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس اور آرمی کے 42 جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، فرحان خان نے بتایا کہ امن کے قیام کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور رکشوں کی فری مقامی رجسٹریشن کریں گے، کالے شیشے اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، عوام دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھونڈنے میں تعاون کریں، ڈی پی اوکا کہنا تھا کہ ، دکاندار اپنی دکانوں کے باہر کیمرے نصب کریں۔اس دوران ڈپٹی کمشنرشاہد علی نے کہاکہ دہشتگرد عناصر یہاں کا امن اور امن مذاکرات ناکام کرنا چاہتے ہیں، ہم کسی کو یہاں کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، امن،ترقی اور خوشحالی کیلئے اتمانزئی مشران کے ساتھ مذکرات جاری ہے، شاہد علی خان نے بتایا کہ اتمانزئی قوم نے ہر مشکل میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، مشران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔