
اسلام آباد(آئی پی ایس) سابق چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے پبلک اکاونٹس کمیٹی میں طلبی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ہائی کورٹ بار کے صدر شعیب شاہین کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ 7 جولائی کے پبلک اکاونٹس کمیٹی میٹنگ منٹس غیر قانونی قرار دیے جائیں،
پبلک اکاونٹس کمیٹی میٹنگ منٹس کے تناظر میں ڈائریکشن احکامات غیر قانونی قرار دیے جائیں اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کو درخواست گزار کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قومی اسمبلی اور سیکریٹری پبلک اکاونٹس کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔
سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بچانے کے لیے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی جانب سے عہدے سے ہٹانے کی سفارش بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔درخواست میں موقف اپنایا کہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی اختیار سے تجاوز کر رہے ہیں، عدالت پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سفارش کو کالعدم قرار دے۔





