
اسلام آباد (آئی پی ایس )اکبر نیازی ہسپتال نے صدر پاکستان سے معیاری طبی خدمات کا ایوارڈ پا لیا،صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو شعبہ صحت میں بہترین کارکردگی کا ایوارڈ دیا۔
ہسپتال کو یہ اعزاز مریضوں کی اعلی معیار کی با رعایت اور جامع طبی خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے منسلک اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی نے یہ ایوارڈ ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پانچویں بزنس ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب میں وصول کیا۔
یاسر نیازی نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال آئی ایس او سے تصدیق شدہ 500 بستروں پر مشتمل ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال ہے جس کو مناسب قیمتوں پر اعلی درجے کی طبی، سرجیکل، تشخیصی، بحالی صحت اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے صلے میں یہ اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ہسپتال اور اس سے منسلک تنظیموں کے میڈیکل ایجوکیشن، مریضوں کی دیکھ بھال، ہیلتھ ٹیکنالوجی، ہیلتھ فنانس، تجارتی و سماجی ذمہ داری اور پاک چائنا میں طبی تعلیم کے شعبوں میں قابل قدر خدمات کے ذریعے معاشرے کی ترقی میں بھر پور کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔ ہسپتال اور کالج جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کا حصہ ہیں، جو متحرک اداروں پر مشتمل ایک بڑا گروپ ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر طب کے شعبہ میں کام کر رہا ہے۔
اس کے دیگر بڑے منصوبوں میں اسلام آباد ڈینٹل ہسپتال، اسلام آباد نرسنگ کالج، کالج آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور کلچرل اینڈ ایجوکیشنل ایکسچینج سینٹر شامل ہیں۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے کینسرکے علاج، گائناکالوجی، آنکھوں اور گردے کی دیکھ بھال، نیورو سرجری، نفسیاتی مسائل، بچوں کی دیکھ بھال اور بہت سے دیگر شعبوں میں سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی، آلات کو متعارف کراتے ہوئے اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی خدمات کے زریعے قوم کو جدید معیار علاج کی فراہمی کو ہمہ وقت یقینی بنانے کیعزم کا اعادہ کیا۔ یاسر نیازی نے ایوارڈ کے لیے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل آئی سی سی آئی، وفاقی وزارت صحت اور دیگر تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے منصوبوں میں مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔