لاہور (آئی پی ایس ) 22 جولائی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق حکمت عملی طے کرنے کیلئے حمزہ شہباز نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس 90 شاہراہ قائد اعظم پر منعقد کیا جائے گا جس میں مسلم لیگ(ن) ، پاکستان پیپلزپارٹی اور آزاد ارکان اسمبلی شرکت کریں گے ۔
اجلاس میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 20 میں سے 15 سیٹیں جیت لیں جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کا پلڑا موجودہ حکمران جماعت سے بھاری ہو چکا ہے ۔
22 جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ووٹنگ ہو گی جس میں اعداد و شمار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ چودھری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے امکانات روشن ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کو عددی کمتری کا سامنا ہے۔





