پشاور(آئی پی ایس) خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پنجاب کے سیاسی رہنماؤں عمران خان، شیخ رشید اور فواد چوہدری ہر روز عسکری ادارے کے جرنیلوں کو نام لیکر برا بھلا کہتے رہے مگر اسٹیبلشمنٹ نے ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کی اور کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا کیونکہ ان کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل ہے مگرخیبر پختونخوا کا ڈومیسائل رکھنے والے پختون ایم این اے علی وزیر کو ایک سال سے زائد عرصہ سے جیل سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا ہے، ملک میں اس قانون کو ختم کرنا ہوگا۔گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کے دوران بات کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ اس ملک میں اگر کسی کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل ہے تو اسٹیبلشمنٹ بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی تاہم اگر ڈومیسائل پختونخوا کا ہوتو انہیں 45 سالوں سے قتل کیا جائے گا، انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا، ان کے کاروبار پر بھی پابندی عائد کی جائے گی اور انہیں آئینی حقوق بھی نہیں دیئے جائینگے۔ سیاسی جماعتوں کو مہروں کا کردار ادا کرنے سے اپنے آپ کو دور رکھنا ہوگا۔ پختون ایم این اے علی وزیر نے دو عیدیں جیل میں گزاریں ان سے متعلق کہا جارہا ہے کہ انہوں نے فوج کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا مگر پنجاب کے ڈومیسائل رکھنے والے عمران خان، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے ہر روز فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ایک جرنیل کا نام لیکر ان سے متعلق برا بھلا کہا اورنازیبا الفاظ کا استعمال کیا مگر انہوں نے نہیں دیکھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب کے ڈومیسائل رکھنے والے کسی ایک سیاسی رہنماء کو گرفتار کیا ہو۔ ملک میں اس قانون کو بدلنا ہوگا ورنہ وہ ہر قیمت پر کسی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہونگے