
راولپنڈی -سماجی وانسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس نے کہا ہے کہ شہدا کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، کشمیریوں کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی اور انشااللہ کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہو گا، بھارت کشمیریوں کے عزم و استقلال کے سامنے شکست کھا چکا ہے، مودی سرکار تمام تر مظالم کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو نہیں روک سکی دن بدن زور پکڑتی جا رہی ہے ، عالمی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گاان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدا کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کیا، سماجی رہنما مریم ادریس نے کہا کہ کشمیریوں نے جانیں قربان کر دی مگر بھارت کے ظلم وجبر کے سامنے جھکے نہیں، دنیا ایک طرف خود تسلیم کرتی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن وہ پھر بھی خاموش ہے جس پر بہت سے سوالات جنم لیتے ہیں؟ انسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس نے کہا کہ ان ماں بہنوں کی جرات کو سلام ہے جو بھارت کے تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک آزادی کشمیر میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں، ڈٹی ہوئی ہیں پیاروں کی قربانیاں دے رہی ہیں، مریم ادریس نے کہا کہ بھارت آئے روز کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے اس مقصد کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، کبھی سرچ آپریشن کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے تو کبھی پیلٹ گنز کا استعمال کیا جاتا ہے، کیا یہ سب انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں پھر کیوں انٹرنیشنل کمیونٹی چپ سادھے ہوئے ہے اور صرف رپورٹس اور بیانات کی حد تک ہے. مودی سن لے کشمیر جلد آزاد ہو گا.





