اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی پولیس نے ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے احکامات جاری کر دئیے ۔
ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز کو ضلع بھر میں سرچ و کومنگ آپریشنز کرنے کی ہدایات،ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر چیک پوائنٹس لگادئیے گئے جو دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے موثر چیکنگ کو یقینی بنائیں گے ۔
اس کے علاوہ ریڈ زون میں بھی سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی اور پولیس کے خصوصی دستے تعینات کر دئیے گئے جبکہ کسی بھی لااینڈآرڈر صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس اہلکاروں کو10ہزار سے زائد آنسو گیس کے شیل بھی مہیا کر دئیے گئے ہیں ۔ تمام افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ خوداپنے اپنے علاقوں میں رہیں اور کسی بھی لااینڈ آرڈر صورتحال سے نمٹنے کے لئے نفری کو بریف کریں اور تمام ڈیوٹی کو خود چیک کریں ۔
ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکاروں کو مکمل کٹ کے ساتھ بھیجا جائے ۔ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ، ایس ایس پی آپریشنز خود شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور ان ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔