
اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان سویٹ ہوم ،بلڈ بینک اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے روڈ سیفٹی سے آگاہی ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ نے بچوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے روز مرہ حادثات سے بچنے اور ٹریفک کے اصولوں و قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریننگ دی۔
اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز)تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے آگاہی اور تربیتی نشستیں ہر سکول، کالج و یونیورسٹیوں کی ضرورت ہیں۔ دن بدن سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جو اس عظیم مشن کو عام کرنے میں کوشاں ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتے اور پریاں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ ہیں اور جب ضرورت پڑی یہ بچے بھی ٹریفک پولیس کے جوانوں کے ساتھ سڑکوں پر رضاکارانہ خدمات دیں گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے خصوصی شرکت کی اور پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سویٹ ہوم میں آنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم ہمارا گھر ہے اور جہاں تک ہوسکے گا اپنی خدمات زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں وقف کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز)نے جو پودا سالوں پہلے لگایا تھا اب وہ تناور درخت بن چکا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس مستقبل میں بھی ان بچوں کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز)کی جانب سے ایس ایس پی ٹریفک پولیس ڈاکٹر سید مصطفی تنویر کو ہیرو آف نیشن ایوارڈ دیا گیا جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان(ہلال امتیاز)کے لیے بھی اعزاز شیلڈ پیش کی گئی۔





