وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )انتظامیہ کی ہدایت پر ملال برج منصوبے پر تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق لہتراڑ روڈ پر واقع ملال برج جو نیلور فیکٹری اور تحصیل کوٹلی ستیاں سے متصل ایریا کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔ اسی طرح یہ برج اسلام آباد کے اطراف کی سڑکوں کو بھی آپس میں منسلک کررہا ہے۔اس پل کی تعمیر سے ان تمام علاقوں میں آنے جانے والی ٹریفک کو سہولت میسر آئے گی۔مزیدبرآں متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے اس منصوبے کی گریڈر کاسٹنگ کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ جبکہ منصوبے کے دونوں اطراف سات سو میٹر سڑک کی تعمیر کا کام بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ اسی طرح ڈیک سیلب کا کام بھی 30 جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ڈیک سیلب کے مکمل ہوتے ہی منصوبے سے منسلک دونوں اطراف سو سو فٹ رابطہ سڑکوں کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی طرح پندرہ جولائی تک کارپیٹنگ کا کام مکمل کرکے پل کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ واضح رہے منصوبے کی این آئی ٹی کاسٹ سو ملین روپے تھی تاہم یہ منصوبہ 83 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرلیا جائے گاجو کہ تخمینہ اخراجات سے تقریبا 17 ملین روپے کم ہے۔ اس منصوبے کو پندرہ جولائی تک مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اس موقع پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے اعلی معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔